نہال ہاشمی کو سزا عدلیہ کی توہین کرنیوالوں کیلئے نشان عبرت ہے: پی ٹی آئی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اعجاز احمد چوہدری نے ردعمل میں سپریم کورٹ کی طرف سے نہا ل ہاشمی کو توہین عدالت کی سزا کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نہال ہاشمی کو سزا مسلسل عدلیہ کی توہین کرنے والوں کے لئے عبرت کا مقام ہے ۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ اڈیالہ جیل کا تالاکھل چکا، نہال کے بعد طلال اور دانیال کی بھی باری آگئی ہے۔ تحریک انصاف لاہور کے زیر اہتمام یوم کشمیر کی تقریبات کے سلسلہ میں صدر لاہور ولید اقبال، غلام محی الدین دیوان اور میاں حماد کے زیر صدارت یوتھ اور کلچرل ونگ کا اجلاس ماڈل ٹاؤن میں ہوا۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف سینٹرل پنجاب نے این اے154کے ضمنی الیکشن میں بھرپور طریقے سے شریک ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کیلئے ویمن ونگ سمیت تمام شعبوں کو ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئیں ۔ پی ٹی آئی کے امیدوار قومی علی خان ترین کی الیکشن مہم میں شامل ہوں گے۔