جرمنی‘ جاپان اور ترکی نے ٹیوٹا پنجاب کے ساتھ کامیاب جائنٹ وینچر کئے: عرفان قیصر
لاہور (سٹاف رپورٹر) چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا ہے کہ پنجاب کے طلبہ کو جدید فنی اور ووکیشنل تعلیم دینے میں دوست ممالک جرمنی، جاپان اور ترکی نے اہم کردار ادا کیا وہ ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں GIZ(جرمنی ) کے وفد سے ملاقات کر رہے تھے۔ عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ GIZکے ساتھ 40اداروں میں 260ٹریننگ پروگرام کئے اسی طرح جاپان (جائیکا) نے640 ملین کی امداد سے ٹیوٹا کے 13لیبر کو اپ گریڈ کیا۔ عالمی اداروں کا ٹیوٹا پر اعتماد اس امر کا مظہر ہے کہ وہ ٹیوٹا پنجاب کی کار کردگی سے مطمئن ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جائیکا کے ساتھ مل کر ہم نے سینٹر آف ایکسلنسی بنایا اسی طرح ترکی TIKA نے بھی جدید ترین مشینری فراہم کی۔ ترکی نے ہمارے اساتذہ کو بھی ٹرینڈ کیا اور اسی طرح ماسٹر ٹر ینرز ہمارے ہاں بھیجے۔ حال ہی میں ترکی سے 22ماسٹر ٹرینز پاکستان آئے اور انہوں نے لاہور ،فیصل آباداور گجرات میں ہمارے طلباء اور اساتذہ کو ہاسپٹیلٹی ،بیوٹیشن اور سول کی تربیت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا برطانیہ اور یو ایس کے تعاون سے بھی مختلف شارٹ کورسز کا اجراء کر نے جارہا ہے جس کے لئے معاملات حتمی مراحل کے قریب ہیں۔