تحریک جوانان پاکستان آئندہ الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی: عبداللہ حمید گل
اسلام آباد (اے پی پی + آن لائن) تحریک جوانان پاکستان کے چیئرمین محمد عبداللہ حمید نے کہا ہے کہ ان کی جماعت آئندہ الیکشن میں ملک بھر سے بھرپور حصہ لے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی و صوبائی قیادت کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کیا۔ عبداللہ حمید گل کاکہنا تھا کہ تحریک جوانان پاکستان نے گزشتہ 11 سالوں سے غیرانتخابی جدوجہد کی اور قومی مفادات کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی‘ بیروزگاری‘ ملکی معیشت مشکلات کا شکار ہے۔ تحریک جوانان پاکستان کی رہبر کونسل‘ شوریٰ اور مرکزی و صوبائی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ الیکشن میں ملک بھر سے بھرپور حصہ لیا جائے۔ ہم خود میدان عمل میں آئیں گے۔آئندہ چند روز میں پورے ملک میں جوانان پاکستان عوامی رابطہ الیکشن مہم کا آغاز انتخابی منشور کے ساتھ کریں گے اور تمام صوبائی اور قومی اسمبلی کے حلقوں سے اپنے امیدوارمیدان میں لائیں گے۔