ڈپٹی کمشنر وہاڑی کو توہین عدالت کیس میں وکیل کیلئے 10دن کی مہلت
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی علی اکبر بھٹی کے خلاف توہین عدالت کیس میں شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں وکیل کرنے کے لیئے 10دن کی مہلت دے دی ہے چیف جسٹس نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عاصمہ حامد کی بھی سرزنش کرتے ہوئے قرا ر دیا کہ حکومت کے دفاع میں اتنا آگے نہ جائیں کہ آپ کے لیئے مشکلات پیدا ہوجائیں۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے منصب علی(لمبردار) بنام ڈی سی او وہاڑی علی اکبر بھٹی توہین عدالت اور محمد اشفاق کی عمل درآمد درخواست کی سماعت کی، واضح رہے کالونائزیشن آف گورنمنٹ ایکٹ لینڈ ایکٹ کیسز گرانٹ پراپرٹی رائٹس معاملے میں سپریم کورٹ نے حکومت کوپراپرٹی کے مالکانہ حقوق دینے کا 10جولائی 2017ء کو (فیصلہ دیتے ہوئے) حکم جاری کیا تھا ،جس پر عدم عمل درآمد پر متعلقہ آفسران کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی گئی ہے ۔