ازخود نوٹس آلو، پیاز کے نرخ پر نہیں ہوتے، سپریم کورٹ کو رولنگ سٹون نہ بنایا جائے: کیپٹن (ر) صفدر
اسلام آباد (نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ ملک کا سپریم ادارہ ہے، ایسے رولنگ اسٹون نہ بنائیں، ازخود نوٹس آلو اور پیاز کے نرخ پر نہیں ہوتے، قطری شہزادے کو تو ویڈیو لنک کے ذریعے بیان دینے کی اجازت نہیں ملی۔ گزشتہ چار سال میں حکومت اپنی لگ رہی تھی لیکن درحقیقت ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے تھے، جب تک سیاستدانوں کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں ملک ترقی نہیں کر سکتا، فیصلے لکھے ہوئے ہوتے ہیں، جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا کو بھی لکھی ہوئی رپورٹ دی گئی، اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا کہ کبھی دھرنے اور کبھی ڈان لیکس میں ہمارے ہاتھ باندھ دیئے گئے۔ جب تک سیاستدانوں کے ہاتھ بندھے ہیں ملک ترقی نہیں کر سکتا، ملک کے حالات جب بھی بدل رہے ہوتے ہیں وزیراعظم نااہل ہوجاتا ہے۔ دوران گفتگو توہین عدالت سے متعلق پوچھے گئے سوال پر نواز شریف کے داماد نے کہا کہ میں ہیروں والی جے آئی ٹی کے سامنے بھی پیش ہو گیا تھا تو سپریم کورٹ کے سامنے بھی پیش ہو جاؤں گا۔