پی سی بی ہیوی ویٹس کو گھر بھیجے‘ بھاری تنخواہیں بورڈ پر بوجھ ہیں: شہریار
لاہور( حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ بورڈ میں اعلیٰ عہدوں پر بھاری تنخواہوں والے افراد کرکٹ بورڈ کے خزانے پر بوجھ ہیں پی سی بی میں ڈاون سائزنگ کی ضرورت ہے لیکن نچلی سطح کے بجائے ہیوی ویٹس کو گھر بھیجنا چاہیے۔ پیسے بچانے کے لیے اوپر بیٹھے لوگوں کو فارغ کرنے کی ضرورت ہے۔ کم تنخواہ والے ملازمین تو بہت اچھا کام کرتے ہیں انہیں فارغ کرنے سے کرکٹ بورڈ کو فائدہ نہیں نقصان ہو گا۔ اہم عہدوں پر موجود افراد کو ہٹانا مشکل بھی ہوتا ہے کیونکہ اس میں بہت دباو آتا ہے۔ ہم نے ایک مرتبہ ڈائریکٹرز کم کرنے کی کوشش کی لیکن اسی دوران بعض افراد کو ڈائریکٹرز کی حیثیت سے ترقی بھی ملی۔ذاکر خان کے حوالے سے عمران خان کا براہ راست کبھی دباو نہیں آیا۔کرکٹ بورڈ کے چئیرمین کا عہدہ اعزازی ہی رہنا چاہیے بورڈ چئیرمین کو تنخواہ نہیں لینی چاہیے۔ کرکٹ بورڈ کے آئین میں تبدیلی کر کے سمجھدار اور انتظامی صلاحیتوں کے حامل کرکٹرز کو فیصلہ سازی کا اختیار دینا چاہیے۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔ بورڈ میں کرکٹنگ فیصلوں کا اختیار کرکٹرز کو ہی ملنا چاہیے میں نے اپنے دور میں یونس خان اور مصباح الحق کو گورننگ بورڈ میں شامل کیا تھا تاہم انکا کردار صرف مشاورت کی حد تک تھا۔ سرفراز احمد کا رویہ کھیل کے میدان غیر ضروری طور پر جارحانہ ہے انہیں اپنی عادت تبدیل کرنا ہو گی۔ انہیں کپتان مشاورت سے بنایا گیا فی الحال انکا متبادل نہیں ہے 2019 کے عالمی کپ تک تینوں فارمیٹس کا کپتان رہنا چاہیے۔ مکی آرتھر کو سلیکشن میں غیر معمولی اختیارات نہیں دیے۔ پاکستان اور بھارت کے مابین کرکٹ تعلقات کی بحالی میں بھارتی حکومت کی پالیسی رکاوٹ ہے مودی سرکار پاکستان سے قربت نہیں چاہتی یہی وجہ ہے کہ وہ ہمارے ساتھ کرکٹ سیریز نہیں کھیلتے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا بی سی سی آئی کیخلاف ہرجانے کا دعوی قانونی طور پر مضبوط ہے۔ آئی سی سی کے چئیرمین ششانک منوہر کے دورہ پاکستان سے انکار کیوجہ میرا عہدے سے الگ ہو جانا تھا میں پی سی بی کا چئیرمین رہتا تو وہ ضرور پاکستان آتے۔ نجم سیٹھی زبردست انتظامی صلاحیتوں کے حامل ہیں پاکستان سپر لیگ کا کامیاب انعقاد اسکی بڑی مثال ہے شکیل شیخ تکنیکی لحاظ سے مضبوط اور اچھے ٹیکنو کریٹ ہیں کرکٹ کے معاملات پر وہ بہت اچھا کام کرتے ہیں۔