پنجاب حکومت نے سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کئے ہیں: عمران گورائیہ
لاہور(خبر نگار)وائس چیئر مین ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن عمران علی گورائیہ نے کہاہے کہ دیگر شعبوں کی طرح پنجاب حکومت نے سیاحت کے فروغ کیلئے بھی اہم اقدامات اٹھائے ہیں اور گزشتہ ساڑے چار برسوں میں پتریاٹہ چیئر لفٹ سے لیکر کلر کہار، لال سہانر ا،انڈس ریور ،کوٹ مٹھن اور چولستان ریزارٹ میں بھی سیاحت کے ترقیاتی منصوبے عوام کیلئے کھول دیئے گئے ہیں جن سے صوبے میں ٹورازم انڈسٹری کو نمایا ں فروغ حاصل ہوگا ۔عمران گورائیہ نے بتایا کہ وادی سون سکیسرمیںبھی ٹی ڈی سی پی نے ترقیاتی کام مکمل کرلئے ہیں اور ان تمام منصوبوں کا کریڈیٹ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو جاتا ہے جن کی ذاتی دلچسپی سے سیاحت کے شعبے میں پیش رفت ہوئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ لاہور شہر میں سیاحتی بس کا منصوبہ کامیاب رہا ہے جسے مستقبل میں ملتان اور بہاولپور میںبھی شروع کریں گے۔عمران گورائیہ نے اپنے دفتر میں ماہانہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مری اور بڑے شہروں کے علاوہ صوبائی حکومت نے جنوبی پنجاب کو سیاحت کے لحاظ سے خصوصی اہمیت دی ہے جس سے دور دراز کے علاقوں میں بھی ٹورازم انڈسٹر ی ترقی حاصل کررہی ہے ۔