کشمیر پر سفارتکاری مسلسل ناکام ‘ حکمرانوں نے کچھ نہیں کیا: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کسی پاکستانی حکومت نے کشمیر کی آزادی کیلئے کچھ نہیں کیا،کشمیر بارے حکومتی سفارتکاری مسلسل ناکامیوں سے دوچار رہی،اس کے مقابلے میں بھارت کے سفیروں نے کامیاب سفارتکاری کے ذریعے دنیا کو اپنے حق میں رام کرلیا، یہی وجہ ہے کہ اسلامی ممالک بھی کشمیر پر کوئی جاندار موقف نہیں اپنا سکے ، پاکستانی حکمران بھارت سے دوستی اور تجارت کیلئے کشمیریوں کے قتل عام سے نظریں چراتے رہے ہیں جسے دیکھتے ہوئے عالمی برادری بھی خاموش تماشائی بنی رہی۔ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے 23قراردادیں پاس کیں مگر 70سالوں میں کسی ایک قرارداد پرعمل درآمد نہیں ہوسکا ۔کشمیری پاکستانی حکمرانوں کی منافقانہ پالیسیوں کے شاکی ہیں ،حکمران ایک طرف بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھا رہے ہیں۔ فنکاروں اور اداکاروں کے طائفوں کا آنا جانا لگا ہوا ہے اور دوسری طرف کشمیریوں کی حمایت کے دعوے کرتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع اور بعد ازاں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے خطے کا امن شدید خطرات میں گھرا ہواہے ،بھارت آئے روز لائن آف کنٹرول اور پاکستانی سرحدوں کے اندربلااشتعال گولہ باری کرکے ہر روز دوتین پاکستانی شہریوں کی جانیں لے رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ عالمی امن کو یقینی بنانے کیلئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے فوری اقدامات کرنا ہونگے ۔کشمیری شہداء وصیت کرتے ہیں کہ ان کی میت کو پاکستان کے پرچم میں دفن کیا اور قبر پر سبز ہلائی جھنڈا لہرایاجائے،جبکہ پاکستانی حکومت نے انتہائی بے حسی اپنارکھی ہے ، ملک میںبھارت کی مخرب اخلاق فلمیںدکھائی جارہی ہیںجس سے نئی نسل کے اندرپیدا ہونے والا ہیجان معصوم بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی اور قتل جیسے جرائم کا سبب بن رہا ہے، حکمران شہداء کے خون سے غداری کررہے ہیں اورکشمیر کی آزادی کیلئے کوئی ٹھوس قدم اٹھانے کو تیار نہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کو قومی جوش و جذبے اور اس عہد کے ساتھ منایا جائے کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور جب تک پاکستان کی شہ رگ کو پنجہ استبداد سے چھڑا نہیں لیتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔
سراج الحق