سینٹ الیکشن کے شیڈول میں ردوبدل: عام انتخابات کا اعلان 26 یا 27 مئی کو ہوگا: الیکشن کمشن
اسلام آباد (آن لائن+ صباح نیوز) الیکشن کمشن نے سینٹ الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا۔ چاروں صوبوں میں سینٹ انتخابات تین مارچ کو ہوں گے چاروں صوبوں سے جنرل، خواتین، ٹینکو کریٹس اور اقلیتی نشستوں پر 46 ارکان سینٹ کا انتخاب کیا جائے گا فاٹا اور اسلام آباد میں سینٹ انتخابات کے شیڈول نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے سے جاری نہیں کیا گیا جمعہ کے روز الیکشن کمشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق آج بروز ہفتہ 3 فروری کو چاروں صوبوں نے ریٹرننگ افسران کی جانب سے اطلاع عام جاری کیا جائے گا چار فروری سے آٹھ فروری تک کاغذات نامزدگی وصول کئے جائیں گے 9 فروری کو امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی دس سے بارہ فروری تک موصول ہونے والے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی 15 فروری تک کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور ہونے کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہوگی جبکہ 17 فروری تک تمام اپیلوں پر فیصلہ سنایا جائے گا 18 فروری کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی 19فروری کو کاغذات نامزدگی واپس لئے جائیں چاروں صوبوں سے جنرل نشستوں پر 28 سینئر خواتین کی نشستوں پر 8 سینٹیرز جبکہ اقلیتی نشستوں پر 2 سینیٹرز کا انتخاب ہوگا۔ صباح نیوز کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمشن بابر یعقوب فتح محمد نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کو بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا ہے کہ عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان 26-27مئی 2018کو کردیا جائے گا۔ انتخابات 27-28جون کو متوقع ہیں ۔ حلقہ بندیوں کے بارے میں تین ہزار پٹیشنز موصول ہونے کا امکان ہے ۔ پانچ رکنی لارجر بینچ بنادیا گیا ہے بینچ کے ارکان کے ناموں کو خفیہ رکھا گیا ہے تاکہ انہیں کوئی تنگ نہ کرسکے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس چیئر پرسن ڈاکٹرشیزرامنصب کھرل کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا قومی و شماریاتی ادارے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے حلقہ بندیوں اور عام انتخابات 2018کی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ سیکرٹری نے بتایا کہ فاٹا تک انتخابی قانون 2017کو توسیع دینے اور اسلام آباد میں سینیٹ کے انتخابات کے طریقہ کار کے بارے میں صدارتی اجازت کیلئے دونوں سمریاں تیار کرلی گئیں ہیں ۔ وزیراعظم کو ارسال کردی گئی ہیں ان بتایا کہ فاٹا کے بارے میں سمری کی تیاری کیلئے تین وزارتوں کا کردار تھا اس لیے شاید یہ بروقت تیار نہ کی جاسکی ہوگی ۔ اس میں فاٹا سیکرٹریٹ وزارت سیفران اور وزارت قانون و انصاف کی ورکنگ درکار تھی ۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے مزید بتایا کہ 28فروری سے قبل انتخابی حلقہ بندیوں کے کام کو مکمل کرلیا جائے گا۔ تین مارچ کو ابتدائی حلقہ بندیوں کا اعلان کردیا جائے گا۔