اقتدار کی سیاست کرنیوالوں کے روئیے جمہوریت کیلئے نقصان دہ شکست خوردہ عناصر ہوش کے ناخن لیں : شہبازشریف
لاہور (صباح نیوز‘نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے اپنے دور حکومت میں لوٹ مار کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا، ملک اور عوام کے مفاد سے قطع نظر انہوں نے کرپشن کو فروغ دیا اور قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا، ملک کو پسماندگی کی جانب دھکیلا جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا۔ جمعہ کو لاہور سے جاری ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سابق حکمران عوامی مسائل کی جانب توجہ دیتے تو ملک ترقی کے دھارے میں شامل ہو چکا ہوتا۔ غریب قوم کی محنت کی کمائی پر ہاتھ صاف کرنے والے اور دھرنوں کے ذریعے ترقی کے عمل کو روکنے والے عوام کے خیرخواہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن)کو جب بھی اقتدار ملا، ہمیشہ ملک کی ترقی اور عوامی خدمت کی سیاست کی۔ ہماری مخلصانہ کاوشوں اور اقدامات کی بدولت آج ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن اور عوام کا معیار زندگی پہلے سے بہت بہتر ہے۔ شہبازشریف نے کہا احتجاجی سیاست کے ذریعے ملک کو بہت نقصان پہنچایا گیا۔ اقتدار کی سیاست کرنے والوں کے روئیے جمہوریت کیلئے نقصان دہ ہیں‘ احتجاجی سیاست ملکی ترقی پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہی ہے‘ شکست خوردہ عناصر کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں‘ تنقیدی سیاست کرنے والے جان لیں‘ عملی اقدامات سے ہی ملک ترقی کرتا ہے‘ عام انتخابات میں خدمت کے وژن سے عوام کے پاس جائیں گے۔
شہبازشریف