ضمنی الیکشن لودھراں : پاکستان عوامی تحریک کا علی ترین کی حمایت کا اعلان
لودھراں ( نامہ نگار ) پاکستان عوامی تحریک نے علی خان ترین کی بھرپور حمایت کااعلان کردیا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور پی ٹی آئی پبلک سیکرٹریٹ لودھراں پہنچے ۔ جہانگیر خان ترین اور پی ٹی آئی کے دیگر مرکزی قائدین نے خرم نوازگنڈا پور اور عوامی تحریک کے دیگر رہنماﺅںکا استقبال کیا۔ پی ٹی آئی آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران خرم نواز گنڈا پور نے این اے 154کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار علی خان ترین کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ۔جہانگیر خان ترین نے کہا کہ میں عوامی تحریک کے قائد علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری، سیکرٹری جنرل خرم نواز گندا پور ،انکے ہمراہ آئے وفد اور عوامی تحریک کے مقامی عہدیداروں اورر رہنماﺅں کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے الیکشن میں علی ترین کی حمایت کا اعلان کیا۔جہانگیر خان ترین نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر عوامی تحریک کی جدوجہد میں ہم نے بھرپور ساتھ دیا ۔ وہ وقت دور نہیں جب ماڈل ٹاﺅن میں 14بے گنا ہ لوگوں کے قاتل انصاف کے کٹہرے میں ہوں گے ۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف پہلے بھی مختلف حلقوں میں تعاون کرتی رہیں ہیں مگر یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان عوامی تحریک نے کھل کر ہماری حمایت کا اعلان کیا ہے۔مستقبل میں بھی ہم علامہ ڈاکٹر طاہر القادری ،خرم نواز گنڈا پور او ر دیگر قائدین کے ساتھ بیٹھیں گے اور کوشش کرینگے کہ آنے والے جنرل الیکشن میں ایسا لائحہ عمل بنائیں کہ ملکر ن لیگ کا مقابلہ کیا جائے۔ جنرل الیکشن میں ایسے امیدواروں کو ٹکٹ دیں گے جو اپنے حلقے جیت سکیں ۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ پارلیمنٹ ایک مقدس ادار ہ ہے۔ عمران خان نے لعنتی کا لفظ پارلیمنٹ کے اندر بیٹھے ان لوگوں کے لئے استعمال کیا جن لوگوں نے نااہل نواز شریف کو پارٹی صدر بنانے کے لئے بے شرمی سے ہاتھ کھڑے کیے .جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ ن لیگ کوئی الیکشن سرکاری مشینری استعمال کیے بغیر نہیں لڑتی ۔ موجود ہ ضمنی الیکشن میں بھی سرکاری مشینری کا بھرپور استعمال کیا جارہاہے مگر اس الیکشن میں©" اصل" امیدوار کے حصہ نہ لینے کی وجہ سے ن لیگ کے حالات کمزور ہیں ۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ علی خان ترین کی بھرپور حمایت کا مقصد ہے کہ لوگوں کو پیغام دیا جائے کہ ہمارا ایک ہی نظریہ ہے اور وہ نظریہ ہے کرپشن ،ظلم اور ناانصافی کے خلاف جنگ۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ انشاءاللہ ہر پولنگ اسٹیشن پر پاکستان عوامی تحریک کے کارکنا ن علی خان ترین کی سپورٹ میں موجود ہوں گے۔انشاءاللہ فتح ہماری ہوگی۔ کامیابی کے بعد ہم دوبارہ لودھراں آئیں گے اور جہانگیر ترین کو مبارک باد دیں گے۔ ہماری پارٹنر شپ اور تعاون صرف پاکستان کی بہتری کے لئے ہے اور اس نظام کے خلاف ہے جس نظام نے عوام کا خون چوساہے ۔خرم نواز گنڈہ پور نے کہا کہ جہانگیر ترین کے پاس ہمارے قائد جناب علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی نمائندگی انکے داماد راجہ زاہد کررہے ہیں۔جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ،شاکر مزاری،مہر شعبان،فوجی اعجاز ،چوہدی عبدالغفار،اطہر شاہ،ملک عبدالرشید، اسلم حماد و دیگر مقامی قیادت بھی موجود ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ہم سب ملکر علی ترین کے شانہ بشانہ لودھراں میں کرپٹ نظام کو شکست دیںگے۔ پریس کانفرنس کے موقع پر پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، ڈاکٹر شیر محمد اعوان،نواب امان اللہ خان، ممتاز محمد خان جوئیہ،عفت طاہر ہ سومرو و دیگر قائدین بھی موجود تھے۔قبل ازیں جہانگیر ترین نے اپنی رہائش گاہ پر لودھراں سمیت مختلف علاقوں سے آئے پارٹی وفود سے ملاقاتیں کیں۔ آدم واہن سے ملک حق نوا ز ماتم نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔جہانگیر ترین نے فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ چک نمبر 21ایم پی آر میں کارنرمیٹنگ سے خطاب کیا جہاں نیاز خان اعوان نے اپنی برادری سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔
عوامی تحریک/ حمایت