خطے میں سب سے زیادہ تیل کی قیمت پاکستان میں ہے:فردوس شمیم
کراچی(نیوز رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی کارکردگی انتہائی ناقص ہوچکی ہے۔ خطے میں اِس وقت سب سے زیادہ تیل کی قیمت پاکستان میں ہے۔ ایک سال کے اندر ڈیزل کی قیمتوں میں 14روپے اضافہ کیا گیا جس سے عوام سخت پریشان ہیں۔ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے بجلی اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کی وجہ سے عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگا ۔ حکومت کی ملک دشمن پالیسیوں کے نتیجے میں غریب آدمی اور صنعتکار وں کو ناقابل تلافی نقصان ہورہا ہے۔ حکومت عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف تیل کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتی ہے۔ ہم وزیر اعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کو فوری طور پر واپس لیا جائے اور عوام کو اتنا مجبور نہ کیا جائے کہ وہ سڑکوں پر نکل آئیں۔یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اِس موقعے پر ان کے ہمراہ کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری و سندھ اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان، کراچی کابینہ کے رکن سرور راجپوت اور میڈیا کو آرڈی نیٹر عزیر احمد صدیقی بھی موجود تھے۔