نوجوان نسل کی درست سمت میں رہنمائی ایک بڑا چیلنج ہے، وسیم اختر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئرکراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کی درست سمت میں رہنمائی ایک بڑا چیلنج ہے، غیر یقینی صورتحال میں ہم ایک عجیب سوسائٹی بن چکے ہیں، لوگ غلط کام دیکھ کر بھی خاموش رہنے پر مجبور ہیں، وقت آگیا ہے کہ بچوں کے ساتھ زیادتی اور انہیں جنسی ہراساں کرنے کے خلاف اسکولوں کی سطح پر مہم چلائی جائے، طالب علموں کو مختلف قسم کی منشیات اور گٹکا جیسی مضر صحت اشیاء سے بچانا ہوگا، نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کا فروغ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری محسوس کرنی چاہئے، پاکستان اکیڈمک کنسورشیم نے مختلف شعبوں سے پرعزم اور محنتی نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر قابل تحسین کام کیا ہے ، تعلیم کے فروغ اورمعاشرے میں اہمیت کے حامل معاملات اور مسائل سے آگاہی فراہم کرکے یہ ادارہ انسانی کی بہترین خدمت کر رہا ہے ، بامقصد اور تعمیری سرگرمیوں سے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور نوجوانوں کو کار آمد شہری بنانے میں مدد ملے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے ایم سی صدر دفتر میںمختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد میں کارکردگی ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، چیئرپرسن میڈیا مینجمنٹ کمیٹی صبحین غوری، ڈائریکٹر وہیکل فرید تاجک ، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے پاکستان اکیڈمک کنسورشیم کے تحت ہونے والے پانچویں آل پاکستان ایجوکیشنل ایکسپو کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے جو کام کیا ہے وہ صحیح معنوں میں ٹیم ورک ہے ، ایک بہتر معاشرے کی تشکیل کے لئے پاکستان اکیڈمک کنسورشیم کی کوششیں غیر معمولی ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں کام کرنے کا جذبہ ،شوق اور لگن سے امید ہے کہ ہمارا مستقبل روشن ہوگا، انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کے طالبعلموں اور اساتذہ کا معیار پرائیویٹ اسکولوں کے مساوی لانے کی کوششیں قابل تحسین ہیں ، آخر میں میئر کراچی وسیم اختر نے آل پاکستان ایجوکیشنل ایکسپو کے منتظمین کو ایوارڈ دیئے جبکہ پاکستان اکیڈمک کنسورشیم کی طرف سے میئر کراچی کو خصوصی ایوارڈ پیش کیا گیا۔