وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے پنجاب بینک اور این آئی سی ایل میں ڈاکے نہیں ڈالے، غریبوں کو تعلیم دی ہے ، ہمیں ملک کو اعلیٰ مقام دلانے کے لیے غیروں سے بھیک ما نگنا بند کرنا ہوگی ۔
بہاولپور کی تحصیل حاصل پور میں دانش سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ انہوں نے قومی اداروں میں کرپشن نہیں کی بلکہ صوبے کے وسائل عوام کوسہولتیں فراہم کرنے پر صرف کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری پیسہ خرچ کرنے کا الزام لگانے والے ناقدین پر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان صرف امیروں کا نہیں بلکہ غریبوں کا بھی ہے ۔ دانش سکولوں میں کمپیوٹر لیبز اورانٹر نیٹ سہولت کے ساتھ غریب اور ہونہار بچوں کو جدید اور معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی بھی قوم بھیک مانگ کر ترقی اور خوشحالی کی منزل نہیں پاسکتی، غیروں کے آگے ہاتھ پھیلانے کی روش کو ختم کرنا ہوگا۔