مکتوب دوبئی
طاہر منیر طاہر
قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل حسن افضل خان اور شکیل مہمانا ن خصوصی تھے
متحدہ عرب امارات میں کووڈ 19کے اثرات کم ہوتے ہی محدود پیمانے پر ہر طرح کی تقریبات کی اجازت مل گئی ہے۔ ایک عرصہ کے بعد پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں بزم اردو کے تعاون سے یو اے ای کے 50 ویں نیشنل ڈے کے موقع پر ایک عظیم الشان مشاعرہ کا انعقاد ہوا ۔جس میں امارات بھر سے اردو جاننے اور شعر و ادب سے تعلق رکھنے والوں نے بھرپور شرکت کر کے مشاعرہ کو یادگار بنادیا اور چار چاند لگادیے۔ مشاعرہ کے انعقاد اور لوگوں کی بھرپور شرکت سے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کی بھی رونقیں لوٹ آئی ہیں۔ مشاعرہ کے انعقاد سے ایک عرصہ بعد پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں اس قدر رش دیکھنے کو ملا۔ یہ تقریب دو حصوں پر مشتمل تھی پہلے یو اے ای کا نیشنل ڈے منایا گیا اور بعدازاں مشاعرہ کا انعقاد ہوا جو رات گئے تک جاری رہا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور اس کے ترجمہ سے ہوا۔ استقبالیہ کلمات پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے کلچرل ڈائریکٹر زاہد حسین نے ادا کیے۔ جشن قومی اتحاد کے موضوع پر نورالصباح نے تقریر کی۔ مس ترنم نے مقامی عرب شاعر ڈاکٹر زبیر فاروق کا تعارف پیش کیا۔ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل حسن افضل خان اور بزم اردو کے صدر شکیل مہمانان خاص تھے۔ پاکستان کے معروف شاعر وصی شاہ کو مشاعرہ میں شرکت کے لیے خصوصٰ طور پر دعوت دی گئی تھی جبکہ ان کے ہال میں آمد پر تالیوں کی گونج میں استقبال کیا گیا۔ مشاعرہ میں ڈاکٹر صباحت عاصم واسطی، وجے تیواڑی، ڈاکٹر ثروت زہرہ، سید تابش زیدی، ناصر نعیم، عائشہ شیخ عاشی، شہباز شمسی، موسی ملیح آبادی، رضا احمد رضا، نعیم رسول، سید مسعود نقوی اور عدنان مصور نے اپنا اپنا کلام پڑھا اور سامعین سے داد و تحسین وصول کی۔ مشاعرہ کی نظامت کے فرائض رحمان فارس نے ادا کیے۔ مشاعرہ رات گئے تک جاری رہا جسے حاضرین مجلس نے آخر تک ذوق و شوق اور پوری دلچسپی کے ساتھ سنا۔ ایک عرصہ کے بعد ایسی تقریب کے انعقاد پر بزم اردو کی طرف سے ”غالب ان نیو دہلی“ کے موضوع پر ڈرامہ پیش کیا گیا ۔ امارات میں اردو اور اردو ادب کے فروغ کے لیے متعدد تنظیمیں کام کررہی ہیں۔لیکن بزم اردو ان سب میں زیادہ فعال ہے۔ بزم اردو کے اراکین ہمیشہ اس کوشش میں رہتے ہیں کہ جیسے ہی پاکستان یا انڈیا سے کوئی ادبی شخصیت آئے۔ وہ اس کے اعزاز میں کوئی نہ کوئی تقریب ضرور منعقد کریں۔ ادبی شخصیات سے ملاقات، ڈراموں اور مشاعروں کا انعقاد بزم اردو کے حصہ میں ہی جاتا ہے. بزم اردو کے تمام اراکین ذوق و شوق سے ایسی ہی ادبی اور ثقافتی تقریبات کا انعقاد کرتے رہتے ہیں۔ حال ہی میں بزم اردو ن ے ایکسپو سنٹر شارجہ میں شارجہ بک فیئر اتھارٹی کے تعاون سے ایک مزاحیہ ڈرامہ ”غالب ان نیو دہلی“ پیش کیا جسے ہزاروں لوگوں نے دیکھا۔ ڈرامہ دیکھنے والوں میں نہ صرف پاکستان اور انڈیا کے بلکہ دیگر ممالک کے اردو جاننے اور سمجھنے والے لوگ بھی شامل تھے۔ سبھی نے اس مزاحیہ ڈرامہ کو دیکھا اور لطف اندوز ہوئے۔ بزم اردو کی اس تقریب میں پاکستان کی معروف ماہر تعلیم اور ادبی شخصیت ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ مہمان خصوصی تھیں۔ انہوں نے بھی بزم اردو کی کاوش کو سراہا۔ اس موقع پر پاکستان سوشل سنٹر شارجہ کے صدر چودھری خالد حسین، عمران اسلم، فراز صدیقی، عارف منہاس، محمد اسلم ملک، ثمینہ ناصر، عاصمہ نقوی اور دیگر لوگ بھی تقریب میں موجود تھے۔ ڈرامہ ”غالب ان نیو دہلی“ کے انعقاد کے سلسلہ میں تابش زیدی، ریحان خان، صائمہ نقوی اور مسز ثمرہ نے خوب کام کیا جس پر انہیں داد و تحسین سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ نے اردو ادب کے فروغ کے لیے بزم اردو کے اراکین کو اپنی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا جبکہ ریحان خان اور تابش زیدی نے تمام مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایسے ہی مزید ادبی پروگرام کرنے کا یقین دلایا۔شرکاء نے بزم اردو کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی ایسی ہی تقاریب کے انعقاد کی امید کی۔