صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد کا کہنا ہے کہ خصوصی افراد کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی قومی ذمے داری ہے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے خصوصی افراد کے حقوق کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دین اسلام میں خصوصی افراد کی خدمت پر زوردیا گیا ہے۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ اللہ پاک نے خصوصی افراد کو خصوصی صلاحیتیوں سے نوازاہوتا ہے۔ حکومت خصوصی افراد کو زندگی کی بہترسہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے تحت خصوصی افرادکی فلاح وبہبود کیلئے مختلف منصوبوں کا آغازلائق تحسین ہیں۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارکی جانب سے خصوصی افرادکی مالی معاونت کیلئے ”ہمقدم“پروگرام انتہائی خوش آئند ہے۔
واضح رہے کہ ریچ ایوری ڈورویکسی نیشن مہم کے دوران پنجاب میں سپیشل ایجوکیشن کے تعلیمی اداروں میں 12سال عمرسے زائدتمام خصوصی بچوں کو ویکسنیٹ کردیا گیا ہے۔معذور اشخاص کو ’خصوصی افراد‘ بھی کہا جاتا ہے،ہر سال پاکستان سمیت دنیا بھر میں3دسمبر کو معذور افراد کا عالمی دن منایا جاتا ہے، جس کا اعلان 1992ء میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ایک قرارداد کے ذریعے کیا گیا تھا۔اس دن کو منانے کا مقصد معاشرے کے تمام شعبوں میں معذور افراد سے اظہار یکجہتی کرنا، ان کے حقوق اور فلاح و بہبود کو فروغ دینا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا کے ایک ارب سے زائد افراد (آبادی کا 15فیصد) معذوری کی کسی نہ کسی شکل کا سامنا کرتے ہیں، 80فیصد معذور افراد کا تعلق ترقی پزیر ممالک سے ہے۔