متحدہ عرب امارات نے 49ویں قومی دن کے موقع پر 12 واں سیٹلائٹ خلا میں بھیج دیا

متحدہ عرب امارات نے اپنے49ویں قومی دن کے موقع پر اپنا بارہواں سیٹلائٹ خلا میں بھیج دیا ۔متحدہ عرب امارات کے سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق فالکن آئی نامی خلائی سیارے کو تحقیقی مقاصد کے لیے جنوبی امریکا میں واقع فرانسیسی خلائی مرکز سے بدھ کی صبح مقامی وقت کے مطابق پانچ بج کر 33 منٹ پر چھوڑا گیاہے۔فالکن آئی سیٹلائٹ تصویرکشی کی ہائی ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔اس کو نقشوں ، زرعی نگرانی ، شہری منصوبہ بندی ، ماحول کی مانیٹرنگ ، قدرتی آفات سے متعلق منصوبہ بندی اور ملک کی سرحدوں اور ساحلی علاقوں کی دفاعی نقطہ نظر سے نگرانی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔واضح رہے کہ یو اے ای کی خلائی ایجنسی 2014 میں قائم کی گئی تھی اور اس نے حالیہ برسوں کے دوران میں خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔