گوجرانوالہ:گرانی کی لہر جاری،اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) گرانی کی لہر میں مسلسل تیزی ‘اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ‘چکن بھی تین سوروپے فی کلوسے زائد میں فروخت ‘ادرک سات سوروپے فی کلو ہو گیا ‘ انتظامیہ کی طرف سے اکادکاچھاپے‘ معمولی جرمانے ‘ بتایاگیا ہے شہر اوراس کے مضافات میں ضلعی انتظامیہ‘پرائس کنٹرول کمیٹیوں ‘مجسٹریٹس کا مناسب چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے پھلوں‘ چکن ‘سبزیوں ‘ ادرک‘ ٹماٹر ‘آلو ‘پیاز کے ریٹ روزانہ کی بنیاد پربڑھ رہے ہیں بتایاگیا ہے کہ حالیہ دنوں ادرک 700روپے فی کلو جبکہ آلو نئے150روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں جبکہ چکن کی قیمت روزانہ کی بنیاد پرطے ہونے کے باوجود 300روپے فی کلو سے زائد ہے ‘دوسری طرف دالوں کی قیمتوںمیں بھی بیس سے تیس روپے فی کلو کااضافہ ہوا ہے بتایاگیا ہے حکومت کی طرف سے 83روپے فی کلو کے ریٹ پر فراہم کردہ چینی انتہائی باریک اورمٹھاس سے محروم ہے جوفروخت ہی نہیں ہورہی ہے۔ سماجی‘کاروباری‘ تجارتی‘ مذہبی حلقوں نے دن بدن بڑھتی مہنگائی پر شدید تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کوچاہیے وہ گرانی پرقابوپانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کرے ۔