آئل ٹینکر لوٹنے کا معاملہ‘ ہائیکورٹ نے جمشید دستی کی ضمانت کنفرم
ملتان‘ مظفر گڑھ (کرائم رپورٹر‘ نامہ نگار) عوامی راج پارٹی کے سربراہ و سابق ایم این اے جمشید دستی کے خلاف آئل ٹینکر لوٹنے کا معاملہ، ہائیکورٹ ملتان بنچ نے جمشید دستی کی عبوری ضمانت وکلاء دلائل کے بعد کنفرم کرنے کا حکم دیا ہے۔عدالت میں پولیس نے مقدمہ کا ریکارڈ پیش کیا تھا، یاد رہے کہ جمشید دستی اس مقدمہ میں گرفتار ہوچکے ہیں اور ہائیکورٹ کے حکم پر انہیں رہا کیا گیا تھا۔ جمشید دستی کی جانب سے شیخ جمشید حیات اور محمد عامر خان بھٹہ نے دلائل پیش کیے۔جمشید دستی کا کہنا تھا کہ آج حکومت کی شکست اور حق کی فتح ہوئی ہے، عدلیہ آزاد ہے۔ حکومت کے خلاف تحریک چلاؤں گا، مجھے ڈکیتی کی نامعلوم ایف آئی آر میں ملوث کیا گیا، نیازی حکومت نے مہنگائی، کرپشن ، بیروزگاری میں اضافہ کیا ہے، بدنام زمانہ سمگلرز کو میرے خلاف استعمال کیا گیا، میں جیلوں سے نہیں ڈرتا، یاد رہے کہ سیشن کورٹ مظفر گڑھ نے جمشید دستی کی ضمانت قبل ازگرفتاری خارج کردی تھی، جمشید دستی کے خلاف تھانہ سٹی مظفر گڑھ میں آئل ٹینکر چوری کا مقدمہ جنوری میں درج کیا گیا تھا۔