سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی دیسی و برائلر انڈوں کی قیمتوں میں 50سے 80روپے فی درجن تک اضافہ
موسم سرما کے آغازاور سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی پولٹری فارمرز نے برائلر و دیسی انڈوں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کردیا ہے اور گذشتہ 72گھنٹوں کے دوران برائلر انڈوں کی قیمت میں 50روپے اور دیسی انڈوں کی قیمت میں 80روپے سے بھی زائد کا اضافہ کر دیا گیاہے۔ ایگ سیلرز ایسوسی ایشن فیصل آباد ڈویژن کے ذرائع نے بتایاکہ چونکہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ انڈوں کے استعمال میں بھی اضافہ ہو گیا ہے اس لئے منڈیوں میں انڈے کی قیمت بڑھ جانے کے باعث انہیں بھی مجبوراً نئے نرخوں کے مطابق انڈے فروخت کرنا پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ایگ مارکیٹ میں پہلے دیسی انڈوں کی قیمت 180سے 190روپے فی درجن تھی لیکن اب یہ قیمت260 سے 270 روپے فی درجن کر دی گئی ہے۔ اسی طرح پہلے برائلر انڈے 80سے90روپے فی درجن دستیاب تھے لیکن اب یہ نرخ 120 سے130 روپے فی درجن ہو گئے ہیں۔ انہوںنے خدشہ ظاہر کیا کہ جوں جوں سر دی کی شدت میں اضافہ ہو گا اس کے ساتھ ہی انڈوں کی قیمت میں بھی مزید اضافہ کا خدشہ ہے ۔