ہو سکتا ہے ملک میں قبل از وقت انتخابات ہوں، آنے والے 10 دنوں میں وزارتوں میں بھی تبدیلیاں ہو سکتی ہیں: وزیراعظم عمران خان
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قبل از وقت انتخابات ہو سکتے ہیں۔ کپتان کی سٹریٹجی کسی وقت بھی تبدیل ہو سکتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ منی لانڈرنگ سے متعلق سخت قانون لا رہے ہیں، ہمیں تباہ حال معیشت ملی۔ ڈالر کا بڑھنا یا کم ہونے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں۔ بھارت کا نفرت پھیلانے کا منصوبہ روکنے کے لیے کرتارپور کھولا۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹی وی اینکرز اور سینئر صحافیوں سے ملاقات میں سیاسی، معاشی اور کرتارپور بارڈر سے متعلق معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔
وزیراعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ بنانا ایک لمبا مرحلہ ہے۔ ہو سکتا ہے ملک میں قبل از وقت انتخابات ہوں، آنے والے 10 دنوں میں وزارتوں میں بھی تبدیلیاں ہو سکتی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے منی لانڈرنگ سے متعلق سخت قانون لانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے لوگ نام سامنے آنے سے ڈر رہے ہیں۔ گو سلو پالیسی والے افسران کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور اگر اپوزیشن ساتھ نہیں چلنا چاہتی تو نہ چلے۔ شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین نہیں بنائیں گے۔
معاشی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں تباہ حال معیشت ملی۔ ڈالر کا بڑھنا یا کم ہونے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے۔
کرتارپور راہداری سے متعلق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارت کے نفرت پھیلانے کا منصوبہ ناکام بنا دیا اور اس نفرت آمیز منصوبے کو روکنے کے لیے ہی کرتارپور کھولا۔ کرتارپور کھولنے کا مقصد کسی کو دھوکا دینا نہیں تھا جبکہ یہ فیصلہ گگلی نہیں ایک سیدھا سادہ فیصلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پرعزم ہیں۔ دونوں حکومتیں چاہیں تو یہ مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔ وزیراعظم نے ایک بار پھر اپنے یوٹرن کے موقف کی حمایت کی اور کہا کہ یوٹرن عظیم لوگ ہی لیتے ہیں۔