قومی ہاکی ٹیم نے افتتاحی میچ میں بہتر کھیل پیش کیا:توقیر ڈار
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اولمپیئن توقیر ڈار کا کہنا ہے کہ عالمی کپ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں جرمنی کے خلاف قومی ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں نے اچھا کھیل پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے توقع ہے کہ نوجوان کھلاڑی اگلے میچز میں مزید اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کریں گے۔ بھارت سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے توقیر ڈار کا کہنا تھا کہ ٹیم کے اکثر کھلاڑی پہلا عالمی کپ ٹورنامنٹ کھیل رہے ہیں۔ جرمنی خلاف میچ میں نوجوان کھلاڑیوں نے بڑے میچ کے پریشر کو اچھی طرح ہینڈل کیا ہے۔ ایک صفر سے مارجن سے ہونے والی شکست کوئی بڑی نہیں ہے، جرمنی کے خلاف پستانٹ یم کے کھلاڑیوں نے متعدد مواقعے ضائع کیے اگر ان میں ایک بھی گول سکور ہو تا تو نتیجہ مختلف پاکستان کے حق میں ہونا تھا۔ ٹیم میں بہت کم کھلاڑی ایسے ہیں جنہیں انٹرنیشنل ہاکی کا وسیع تجربہ ہے جبکہ باقی نوجوان کھلاڑی سیکھنے کے مراحل سے گزر رہے ہیں امید ہے جرمنی کے خلاف میچ میں ہونے والے غلطیوں کو اگلے میچ میں نہیں دہرائیں گے۔