طالبان کو مذاکرات کے لئے اپنی سر زمین، غیر جانبدار مقام پر خوش آمدید کہیں گے: چین
کابل+لندن(اے پی اے+نوائے وقت نیوز) افغانستان اور پاکستان کیلئے چین کے نمائندہ خصوصی سن یکشی نے کہا ہے کہ چین افغانستان میں ایک بڑا کردار ادا کرنا چاہتا ہے،طالبان کو مذاکرات کیلئے چین یا کسی بھی غیرجانبدارمقام پرخوش آمدید کہیں گے۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں چین کے نمائندہ خصوصی کا مزید کہنا تھاکہ امریکہ کے جانے کے بعد افغانستان کو ایک مشکل صورتحال کاسامنا کرنا پڑیگا۔ افغانستان میں 13 سال تک امریکہ اورنیٹو نے اہم کردار ادا کیا۔ افغانستان میں چین نے بھی تعاون کیا، اب چین افغانستان میں ایک بڑا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ چاہتے ہیں کہ افغانستان میں مذاکرات کا ایجنڈا افغان صدرکا تجویزکردہ ہو۔ افغانستان میں مذاکراتی عمل افغان قیادت کی زیر نگرانی ہو، ، چین امن عمل کی حمایت کرتا ہے چین خود دہشت گردی کا شکار ہے۔