جلال آباد: امریکی فوجی اڈے پر طالبان کا خودکش حملہ‘ 15 افراد ہلاک ‘ نیٹو اہلکار سمیت متعدد زخمی
جلال آباد (رائٹر + اے ایف پی + بی بی سی) پاکستانی سرحد کے قریب جلال آباد میں طالبان خودکش حملہ آوروں کے بموں، راکٹوں سے حملے اور فائرنگ میں 8 حملہ آوروں سمیت 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ رائٹر نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ جھڑپ دو گھنٹے جاری رہی حملے کے بعد افغان پولیس اہلکاروں، فوجیوں کی نعشیں بکھری پڑی تھیں۔ طالبان کے گروپ نے کہا ہے کہ یہ حملہ انہوں نے مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے کیا۔ اے ایف پی کے مطابق یہ حملہ جلال آباد ائر پورٹ کے قریب نیٹو کے اڈے پر کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں نیٹو اہلکار شامل ہیں۔ ایجنسی کے مطابق ائر پورٹ کے بڑے گیٹ پر دو خودکش کار بم دھماکے کئے گئے اور فائرنگ بھی ہوئی جس کے بعد نیٹو ہیلی کاپٹروں نے جوابی کارروائی کی۔ عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق افغان حکام نے کہا ہے کہ جلال آباد میں شدت پسندوں نے امر یکہ اور افغانستان کے مشترکہ اڈے پر حملہ کیا۔ طالبان کے مطابق ائیرپورٹ پر کیا جانےوالا حملہ خود کش ہے۔ ائیر پورٹ کمپلیکس پر شدت پسندوں اور فورسز کے درمیان جھڑپ دو گھنٹے جاری رہی۔ گارڈ کے مطابق بڑے دھماکے کے بعد ائیرپورٹ پر راکٹ گرنیڈز اور چھوٹے ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا۔ نیٹو حکام کے مطابق امریکی اڈے کے قریب بم دھماکے ہوئے۔ افغان انٹیلی جنس کے اہلکاروں نے بتایا کہ جلال آباد میں قائم ایک امریکی اڈے کو 8 خود کش حملہ آوروں نے نشانہ بنایا۔ افغان اہلکاروں کے مطابق حملہ کرنےوالے7 افراد اور ایک افغان گارڈ اس واقعہ میں ہلاک ہو گئے۔ طالبان نے امریکی اڈے پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کچھ جنگجو امریکی اڈے میں داخل ہوئے تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ نے اپنی ویب سائٹ پر بیان میں کہا ہے کہ ایک فدائی مجاہد نے پہلے اندر داخل ہوکر کار بم دھماکہ کیا، دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا اور رکاوٹیں دور کردیں اس کے بعد دیگر نے اندر داخل ہوکر حملہ آوروں کو نشانہ بنانا شروع کیا اور انہیں نقصان پہنچایا۔ افغان پولیس اہلکاروں کے مطابق دو شدت پسند بارود سے بھری گاڑیوں میں آئے اور انہوں نے امریکی اڈے کے باہر سکیورٹی بیرئیر کو توڑا جبکہ تین حملہ آوروں نے سکیورٹی گارڈز پر حملہ کر دیا۔ مقامی شہریوں نے بتایا کہ حملہ آوروں پر ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فائرنگ کی گئی تاہم یہ لڑائی بیس منٹ تک جاری رہی۔ بی بی سی کے مطابق طالبان نے امریکی فوجی اڈے پر حملہ کیا جس میں چار افغان فوجی ہلاک اور نیٹو کے اہلکاروں سمیت متعدد زخمی ہوگئے جبکہ نو خودکش حملہ آور مارے گئے ہیں۔ افغان انٹیلیجنس اہلکاروں نے بتایا کہ حملہ کرنے والے نو خود کش حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا۔ پولیس کے سربراہ نے بی بی سی کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں دو عام شہری شامل ہیں۔ افغان حکام کا کہنا ہے کہ دوحملہ آور بارود سے بھری گاڑیوں میں آئے اور انہوں نے امریکی اڈے کے باہر سکیورٹی رکاوٹوں کو توڑا جبکہ تین حملہ آوروں نے سکیورٹی گارڈز پر حملہ کر دیا۔ افغانستان کے صوبہ کنڑ کے سیکورٹی کمانڈر کرنل آواز محمد نذیری نے بتایا کہ نیٹو فورسز نے ایک کارروائی کے دوران 11 حملہ آوروں کو ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں نے نیٹو فوج کی گشتی پارٹی پر حملے کی کوشش کی جس کے جواب میں نیٹو نے کارروائی کی۔ جنوبی صوبہ ارزگان میں بھی ایک کارروائی کے دوران 6 حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔