مغربی سرحدوں کی صورت حال: قومی سلامتی کیپارلیمانی کمیٹی نے وزرائے خارجہ ،دفاع ، داخلہ اور ڈی جی آئی ایس آئی کو آج تفصیلی بریفنگ کے لئے طلب کر لیا
اسلام آباد (آن لائن) پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی نے وزرائے خارجہ ،دفاع ، داخلہ اور ڈی جی آئی ایس آئی کو ملک کی مغربی سرحدوں کی صورت حال پر آج (بدھ)کو تفصیلی بریفنگ کے لئے طلب کر لیا ہے۔ میاں رضا ربانی کا کہنا ہے کہ اجلاس میں چار محکموں سے مکمل تفصیلات جانے بغیر کمیٹی اجلاس ختم نہیں کرے گی۔ پاکستان بھارت کشیدگی کا معاملہ کمیٹی کے ایجنڈے میں شامل نہیں کیا جائے گا ہمارا مینڈیٹ صرف پارلیمنٹ کی متفقہ قراراداد عملد رآمد کرانا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس منگل کے روز چیئرمین میاں رضا ربانی کی زیر صدارت ہوا جس میںعوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی کے علاوہ باقی تمام ارکان نے شرکت کی ۔اجلاس میں کمیٹی نے وزیر دفاع، مشیر داخلہ اور ڈی جی آئی ایس آئی کو آج دی جانے والی بریفنگ کے خدوخال اور کمیٹی کی ضروریات سے ا ٓگاہ کیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں رضا ربانی نے کہا کہ منگل کو ہونے والے اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،پاکستان بھارت موجودہ صورت حال کے حوالے سے دفتر خارجہ میں اپنی مصروفیات کے باعث اجلاس میں شرکت نہ کر سکے ۔انہوں نے کہا کہ آج کمیٹی کا اجلاس دوپہر ڈیڑھ بجے دوبارہ ہو گا جس میں مذکورہ چاروں محکمے پاکستان کی مغربی سرحدوں کی صورت حال پر بریفنگ د یں گے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والا اجلاس وزیر اعظم کی جانب سے بلائی جانے والی قومی سلامتی کی کل جماعتی کانفرنس کے باعث مختصر کرنا پڑا ۔ایک سوال کے جواب میں رضا ربانی نے کہا کہ پاکستان بھارت موجودہ کشیدگی کا معاملہ اجلاس کے کے ایجنڈے میں شامل نہیں کیا جا سکتا ۔ کمیٹی کے ٹرمزآف ریفرنس واضح ہیں جن کے مطابق اجلاس میں صرف متفقہ قرار داد اور عمل درآمد کے حوالے سے ہی بات ہو سکتی ہے ۔کمیٹی کے اجلاس میں بابر اعوان ،اسرار اللہ زہری ،عبد الرزاق تھہیم ،شاہد حسن بگٹی،رحمن ملک ،شیری رحمن ،رضا ربانی ، منیر خان اورکزئی ، اسحاق ڈار ،مولانا فضل الرحمن،حیدر عباس رضوی اور ڈی جی آئی ایس آئی احمد شجاع پاشا نے شرکت کی۔
کمیٹی/ طلب
کمیٹی/ طلب