لاہور: بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں سختی کے احکامات دے دئیے ہیں جن کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت نئی پابندیوں کا اطلاق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان پر ہوگا جہاں ایس او پیز کے نفاذ میں سختی کی جائے گی۔
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت دیگر شہروں میں آج سے 31 اگست تک لاک ڈاؤن میں سختی کی جائے گی۔ تمام کاروباری مراکز کے اوقات رات 8 بجے تک ہوں گے۔حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو کاروبار سمیت دیگر سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی۔ آؤٹ ڈور ڈائننگ کا وقت رات 10 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اشیائے ضروریہ بشمول میڈیکل اسٹورز، پٹرول پمپ، تندور اور بیکریاں کھلی رہیں گی۔ کورئیر، پوسٹل سروسز، گیس، پانی اور بجلی کے دفاتر بھی کھلے رہیں گے۔دودھ کی دکانوں، سیلولر کمپنیز، آٹو ورکشاپس اور منڈیوں کو 24 گھنٹے کام کرنے کی اجازت دے دی گئی۔ مزارات اور سینما گھروں کے علاوہ ہر قسم کے سماجی و سیاسی اجتماعات پر پابندی ہوگی۔
تمام سرکاری و نجی دفاتر کو 50 فیصد عملے کے ساتھ کام کی اجازت دے دی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 8 اگست سے شادی کی اِن ڈور تقریبات پر پابندی عائد کردی جائے گی۔
مذکورہ نوٹیفکیشن کے مطابق شادی سمیت دیگر آؤٹ ڈور تقریبات میں 400 افراد شریک ہوسکیں گے۔ تفریحی پارکس اور سوئمنگ پولز مکمل طور پر بند رہیں گے۔ثقافتی تہواروں پر پابندی ہوگی۔ پبلک ٹرانسپورٹ کو 50 فیصد مسافروں کے ساتھ کام کرنے کی اجازت ہوگی۔ مال بردار گاڑیوں، ایمبولینسز اور طبی شعبے کو لاک ڈاؤن سے استثنیٰ دے دیا گیا۔