حکومت پٹرولیم مصنوعات پر اضافہ فوری واپس لے:خواتین
لاہور(لیڈی رپورٹر)خواتین نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل کااظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو میں مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی راحیلہ خادم حسین اور حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ہر ہفتے بجلی،گیس،پیٹرول اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عمران خان کہتے ہیں ہمیں عوام کے دکھ درد کا احساس ہے۔ورکنگ خواتین شمسہ آصف اور نبیلہ شاہین نے کہا کہ مہنگائی نے جینا حرام کردیا ہے ۔ یونیورسٹی طالبات ثمن بتول اور کائنات فیصل نے کہا کہ کیا حکومت یہ چاہتی ہے ہم تعلیم چھوڑ دیںاخراجات والدین کی جیب پر بہت بڑا بوجھ ہے۔ گھریلو خواتین سدرہ اور بشریٰ نے کہا کہ دو وقت کی روٹی بھی مشکل کردی گئی ہے، مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی طحیہ نون نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک ماہ میں تین بار اضافہ عوام سے ظلم ہے۔