حنید لاکھانی کا شاہد آفریدی اور عالمگیر خان کے ہمراہ گلشن کرکٹ گرائونڈ کا دورہ
کراچی (اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما وسربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پورے ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں ، کھیلوں کے میدانوں کے لئے وفاقی حکومت کی اولین ترجیح کراچی ہے کیونکہ کراچی کے زیادہ تر علاقوں کی حالت یہ ہے کہ لاکھوں کی آبادی کے باوجود عوام کے لئے ایک بھی کھیل کا میدان نہیں ہے۔ ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے معروف کرکٹر و سابق قومی کرکٹ ٹیم کپتان شاہد خان آفریدی اور این اے 243کے ایم این اے عالمگیر خان کے ساتھ گلشن اقبال بلاک 6 میں نئے تیارہونے والے کرکٹ گرائونڈ کے دور ے کے موقع پر کیا۔ حنید لاکھانی نے کہا کہ شہر قائد میں کھیلوں کے میدانوں پر قبضہ مافیا سانپ بن کر بیٹھا ہوا ہے، گلشن اقبال میں موجود یہ گرائونڈ بھی ایک طویل عرصے سے ٹینکر مافیا کے قبضے میں تھا جسے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ان قبضہ گروپوں سے خالی کروایا گیا ہے اور بہت جلد وزیراعظم کے خصوصی فنڈ سے یہ گرائونڈ آباد ہونے جارہا ہے جہاں اس گرائونڈ کی از سرنو تعمیر کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے، اس سلسلے میں ہم سمجھتے ہیں کہ یہ گرائونڈ گلشن اقبال کے نوجوانوں کے لئے وزیراعظم کی جانب سے کسی تحفے سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے پارکوں اور گرائونڈز پر مافیا کے قبضے ختم کروائے گی، کراچی صرف پاکستان کا بڑا شہر ہی نہیں ہے بلکہ کھیلوں کے حوالے سے بھی اس شہر نے پاکستان کو بہترین کھلاڑی بھی دیئے ہیں ، کراچی پاکستان کا ایک بہترین اور شاندار شہر ہے لیکن بدقسمتی ہے اس شہر کی یہاں جس پارٹی کی بھی حکومت آئی اس نے شہر یوں کے فلاح اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے۔ حنید لاکھانی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی شہریوں کو پر فضا اور صحت افزا ماحول فراہم کرنے کے لئے کام کر رہی ہے اور شہر کے تمام پارکس اور کھیل کے میدانوں سے قبضے ختم کروائیں گے۔