کراچی: مایہ ناز اداکار حمزہ علی عباسی اوراداکارہ نیمل خاورکے گھر بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، اداکارنے بیٹے کا نام محمد مصطفٰی عباسی رکھا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کو خوشخبری سناتے ہوئے اداکار حمزہ علی عباسی نے کہا ان کے گھر بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔ اداکارنے بیٹے کا نام محمد مصطفٰی عباسی رکھا ہے۔حمزہ علی عباسی نے لکھا کہ خدا کرے کہ ان کا بیٹا، شکرگزار، شائستہ اور ایماندار انسان بنے اور اللہ اس کی دنیا و آخرت کی زندگی کو سنوارے، ہمیں دعاؤں میں یاد رکھیئے۔
واضح رہے کہ اداکار حمزہ علی عباسی اور نیمل خاورگزشتہ سال شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ جس کے بعد اداکارہ نیمل خاور نے شوبز سے دوری اختیار کر لی تھی جبکہ حمزہ علی عباسی نے گزشتہ سال اکتوبر کو سوشل میڈیا پر ایک بیان کے ذریعے بتایا تھا کہ انہوں نے اداکاری سے کنارہ کشی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
حمزہ علی عباسی کے کیریئر پر نظر ڈالیں تو انہوں نے کیریئر کا آغاز 2006 میں تھیٹر سے کیا تھا، بعدازاں انہوں نے 'مڈ ہاؤس اینڈ دی گولڈن ڈول' نامی فیچر فلم بھی ڈائیریکٹ کی۔وہ 'وار'، 'میں ہوں شاہد آفریدی'، 'جوانی پھر نہیں آنی' اور 'پرواز ہے جنون' جیسی فلموں میں بھی اداکاری کرچکے ہیں۔حمزہ علی عباسی نے جلد ریلیز ہونے والی فلم 'دی لیجنڈز آف مولا جٹ' میں بھی اہم کردار نبھایا ہے۔
اداکار کا پہلا ڈراما 'میرے درد کو جو زبان ملے' 2012 میں سامنے آیا۔اس کے بعد انہوں نے 'پیارے افضل' اور 'من مائل' جیسے کامیاب ڈراموں میں کام کیا۔