گوجرانوالہ:چڑیاگھرکی267کنال سرکاری اراضی واگزار کرانے کیلئے جلد آپریشن کا فیصلہ
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)جی ٹی روڈ حیدری انڈرپاس کے قریب چڑیا گھر کیلئے مختص 247 کنال سرکاری اراضی پر قبضے کی تحقیقات کیلئے نیب کی دو رکنی ٹیم نے گوجرانوالہ کادورہ کیا،کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اسداللہ فیض کی زیر صدارت اجلاس میں سرکاری اراضی کو واگزار کروانے کیلئے ایک دو روز میں آپریشن کا فیصلہ بتایا گیا ہے کہ جی ٹی روڈ حیدری انڈر پاس کے قریب اربوں روپے مالیت کی 247 کنال اراضی کو 1982 میں چڑیا گھر اور تفریحی پارک کیلئے مختص کیا گیا تھا مذکور سرکاری اراضی پر چڑیا گھر اور پارک تو نہ بن سکے تاہم مختلف افراد نے اس اراضی پر قبضہ کرکے تعمیرات کر لیں جس پر وحدت کالو نی کے رہائشی رانا اسلم نے کارروائی کیلئے نیب کو درخواست دے رکھی تھی۔ نیب افسران پر مشتمل دو رکنی ٹیم نے حیدری روڈ انڈرپاس کے قریب زیر قبضہ سرکاری اراضی کا گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار اور پٹواری کے ہمراہ دورہ کرکے تحقیقات کیں۔ نیب ٹیم کو بتایا گیا کہ 100 کنال اراضی پر 318 گھر تعمیر ہو چکے ہیں جن کے مالکان کو باقاعدہ رجسٹریاں کرکے دی گئی ہیں جس پر نیب ٹیم نے متعلقہ حکام کو ریکارڈ سمیت لاہور طلب کر لیا ہے۔