تحریک انصاف ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کی تحاریک واپس ہونی چاہئیں, رائے شماری ہوئی تو حکومت مخالفت کرے گی:اسحاق ڈار
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو ڈی سیٹ کرنے کیلئے جمعیت علمائے اسلام ف اور ایم کیو ایم کی جانب سے اگر قومی اسمبلی میں تحاریک لائی گئیں تو حکومت مخالفت میں ووٹ دے گی، انہوں نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان نے تحاریک واپس لینے کا عندیہ دیا ہے، اُمید ہے کہ ایم کیو ایم اپنی لیڈرشپ کی مشاورت کے بعد تحریک واپس لے گی، ان کا کہنا تھا کہ ملک کو سب نے مل کر آگے لے کر چلنا ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر ملکی مفاد کیلئے کام کریں۔ پاک چین اقتصادی راہداری سمیت تمام قومی ایشوز پر مل کر کام کرنا ہوگا۔ قومی اسمبلی میں وقفے کے دوران پی ٹی آئی اراکین نے اسحاق ڈار کی نشست پر جا کر ان کا شکریہ ادا کیا۔