موجودہ آرمی چیف کوحکومت، فوج اور قوم کا اعتماد حاصل ہے: چودھری نثار

03 اگست 2015 (19:54)

اسلام آباد میں نادرا آن لائن درخواست فارم سسٹم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج ایک منظم اور دنیا کی بہترین فوج ہے ، پاکستانی فوج واحد فوج ہے جس نے گوریلا جنگ میں کامیابی حاصل کی، ہمیں پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے ،ہم حالت جنگ میں ہیں جبکہ ہم اس وقت معاشی اور سیکیورٹی کے مسائل سے دوچار ہیں -
انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے ڈیڑھ سال میں ہر پاکستانی کا دل جیتا ہے،موجودہ آرمی چیف کو حکومت ، فوج اور پوری قوم کا مکمل اعتماد حاصل ہے، ایسا ممکن نہیں کہ چند لوگ مل کر آرمی چیف کو بدل دیں، فوج کےخلاف بات کرنافوج کیلیےہی نہیں ملک کیلیے بھی نقصان دہ ہے-
انہوں نے کہا کہ نادرا کے آن لائن سسٹم سے لمبی قطاریں ختم ہو جائیں گی ، شناختی کارڈ بنوانے آنے والا ہر شہری وی آئی پی ہوگا ، خواہش ہے کہ نادرا کا ادارہ شفاف ہو،آیندہ چھے ماہ میں نادرا کی ڈی این اے لیب بنانے کا پروگرام ہے-