خواتین اور بچوں نے جشن آزادی جوش و خروش سے منانے کی تیاریاں شروع کردیں

03 اگست 2015

لاہور(لیڈی رپورٹر) صوائی دارالحکومت میں خواتین اوربچوںنے 69واں جشن آزادی جوش وخروش سے منانے کی تیاریاںشروع کردیں ۔یوم آزادی کوشایان شان طریقے سے منانے کیلئے سبز ہلالی پرچم، جھنڈیاں، بیجز،قائداعظمؒ اورعلامہ اقبال ؒ کی تصویروںسے آراستہ پوسٹرزاورسٹکرز ،آرائشی بینڈز، بریسلٹ، ٹی شرٹس، ٹریک سوٹ اورسبزچوڑیوںکی خریداری شروع کردی ہے ، وطن سے محبت کے جذبے سے سرشارطالبات، خواتین اور ہرعمر کے بچوںکی طرف سے ملی نغموں کی آڈیو، ویڈیو، سی ڈیزکی خریداری کا سلسلہ بھی زورو شور سے جاری ہے ، دوسری جانب خواتین کے تعلیمی اداروںمیں پرچم کشائی کی تقاریب اور طالبات کے درمیان تقریری مقابلوںکیلئے تیاریوںکاآغازبھی رواںہفتے میں کردیاجائے گا۔ نوائے وقت سے گفتگومیں واپڈاٹاؤن کی رہائشی روبینہ اور محمودہ نے کہا کہ پاکستان کا قیام آسان نہیں تھا قائداعظم اور انکے رفقاء نے طویل جدوجہد کے بعد برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک خطہ زمین حاصل کیا مگر آج کی مائیں بچوں کو یہ باتیں نہیں بتاتیں ۔ شادباغ کی فوزیہ اور عاصمہ نے کہا کہ آزادی کا جشن تو سبھی مناتے ہیں لیکن زیادہ جوش خروش بچوں میں نظر آتا ہے وہ جیب خرچ کے پیسے جمع کر کے جھنڈیاں ، بیجز ، سٹکر خرید کر اپنے گھروں اور گلی محلوں کو سجاتے ہیں نازیہ اوررفعت نے کہا کہ خواتین جشن آزادی کے موقع پر سبز لباس اور چوڑیاں پہننے کو کافی نہ سمجھیں بلکہ ملکی ترقی میں فعال کردار کیلئے خود کو تیار کریں۔