داعش سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی: بھارتی وزیر داخلہ

03 اگست 2015

نئی دہلی (این این آئی) بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے حکومت کی طرف سے دہشت گردی سے مقابلے کے قومی سٹرٹیجک منصوبے کی تیاری کا عندیہ دیتے ہوئے کہاہے کہ داعش گروہ سے مقابلے کے سلسلے میں تربیتی پروگراموں کے ذریعے پولیس کی توانائی میں اضافے اور اطلاعات و معلومات کے تبادلے کیلئے ایک منظم میکنزم کا جائزہ لینا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت نے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے خطروں سے نمٹنے کے مقصد سے دہشت گردی سے مقابلے کے لئے قومی سٹرٹیجک منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے- اس منصوبے میں بھارت کے بعض علاقوں میں، خاص طور سے سوشل میڈیا کے ذریعے، نوجوانوں میں پیدا ہونے والی شدت پسندی سے مقابلے، ملک میں دہشت گرد گروہوں کے ایک دوسرے کے درمیان رابطے کے طریقوں کی نشاندہی اور ان کے سدباب کا میکنزم شامل ہے۔ اس سے پہلے حکومت نے اس منصوبے کی تیاری کے سلسلے میں ملک کی دس ریاستوں کے حکام سے ہندوستان میں دہشت گرد گروہ داعش کے ممکنہ اثر و نفوذ کے بارے میں رپورٹیں تیار کرنے کو کہا تھا۔