مقبوضہ کشمیر میں طوفانی بارشوں سے تباہی، متعدد پل تباہ، بند ٹوٹ گئے

03 اگست 2015

سری نگر / ترال / کپواڑہ (اے این این) مقبوضہ کشمیر میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری، متعدد پل تباہ،کئی بند ٹوٹ گئے، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان چرواہا لقمہ اجل بن گیا، چار زخمی،کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار کو سرینگر اور اس کے مضافات میں چند منٹوں کی تیز بارش کے نتیجے میں سڑکیں اور گلی کوچے زیر آب آگئے اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ بارش کے تھمنے کے ساتھ ہی بیشتر سڑکیں اور کوچے زیر آب آگئے ۔ سول لائنز علاقوں کی بیشتر سڑکیں اور بازار ناکارہ ڈرینج سسٹم کے سبب زیر آب آنے کے نتیجے میں لوگوں کو تکلیف دہ صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ لال چوک، ریگل چوک، ریذیڈنسی روڈ، مولانا آزاد روڈ، پولو ویو، سرائے بالا،کورٹ روڑ، مگر مل باغ، جواہر نگر اور پائین شہر کے خانیار، حول، نوہٹہ، عید گاہ سمیت درجنوں علاقے، سڑکیں، گلی کوچے اور بازار پانی میں ڈوب گئے۔