اکنامک کوریڈور کی سکیورٹی پر پاک فوج کا گارنٹر بننا مستحسن ہے: پاکستان ویثنری فورم

03 اگست 2015

لاہور (خبر نگار) پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کی سکیورٹی پر افواج پاکستان گارنٹر کا کردار ادا کر رہی ہے۔ بدقسمتی سے سیاست دانوں کی نااہلی سے فوج کو مداخلت کرنا پڑتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ٹیک سوسائٹی کلب میں پاکستان ویثنری فورم کے 44 ویں اجلاس میں مقررین نے کیا۔ جسٹس (ریٹائرڈ) شریف حسین بخاری، ڈاکٹر حسیب اللہ، میجر شبیر احمد، قیوم نظامی، افتخارالحق، ڈاکٹر محمد صادق، پروفیسر مشکور احمد، علینہ ٹوانہ، انجینئر عظیم احمد اور چودھری محمد یعقوب نے بھی اظہار خیال کیا۔ جمہوری نظام کے تسلسل کی وجہ سے جس طرح عوام نے بری کارکردگی دکھانے پر پچھلے الیکشن میں پیپلز پارٹی کو مسترد کیا آئندہ بھی سیاسی جماعتوں کا عوامی احتساب جاری رہے گا۔ موجودہ سیاسی حکومت کا بھی گورننس لیول قابل ستائش ہے۔ اسمبلیاں تو موجود ہیں لیکن عوام تک جمہوریت کی روح کے مطابق فوائد نہیں پہنچ رہے۔ بجلی پیدا کرنے کے تمام منصوبے تاخیر کا شکار ہیں۔ سیلاب سے بچنے کے لئے حکومتی اداروں نے کوئی پیشگی اقدامات نہیں کئے۔ افسوس کہ ہر مرتبہ بدترین صورت حال سے بچانے کے لئے فوج کو ہی اپنا کردار ادا کرنا پڑتا ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں لیکن ابھی تک ایکسپورٹ نہیں بڑھائی۔ پاکستان میں اگر ایک اچھا عدالتی نظام رائج ہو جائے تو بہت سارے مسائل حل ہو جائیں گے۔