ود ہولڈنگ کے نام پر ظالمانہ ٹیکس ناقابل قبول ہے: وسیم اختر

03 اگست 2015

لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پنجاب و پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے کہاہے کہ وِدہولڈنگ کے نام پر حکومت کا ”ظالمانہ ٹیکس“ قبول نہیں۔ حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں سے عوام کوشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تاجروں کےلئے ملک میں کام کرنا دشور ترین بنا دیا گیا ہے۔ وِد ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے بعد سے بنکوں کے ڈیپارٹس میں 50ارب روپے کی کمی ہو چکی ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمران دولت اکھٹی کرنے کی ہوس میں بالکل اندھے ہوچکے ہیں۔ ٹیکس پر ٹیکس لگا کر قوم کاخون نچوڑاجارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی تاجر برادری کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ حکومت اگر چاہتی ہے کہ بیرونی سرمایہ کار ملک میں آئیں اور عوام خوشحال ہوں،تاجرلین دین قانون کے مطابق کریں اور لوگ بروقت ٹیکس ادائیگی کویقینی بنائیں تو وِدہولڈنگ ٹیکس کوفی الفور واپس لے کر تاجر اور خریدار کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔