ماں بچہ صحت پروگرام کا دورانیہ ختم، ہزاروں ملازمین کی تنخواہیں بند

03 اگست 2015

لاہور (نیوز رپورٹر) مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ پروگرام (ایم این سی ایچ) کا مدت دورانیہ ختم ہوگیا۔ حکومت کی جانب سے پروگرام میں توسیعی نہ دینے پر ملازمین کی جولائی کی تنخواہیں روک لی گئیںجس سے پانچ ہزار کے قریب کمیونٹی مڈ وائف کا وظیفہ بھی بند ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہزاروں ملازمین ابھی تک کنٹریکٹ پر کام کر رہے ہیں اور حکومت نے ان کو ریگولر بھی نہیں کیا ۔حکومت کی جانب سے شروع ہونے والے 700بنیادی مراکز صحت کو بھی یہی ملازمین چلا رہے ہیں۔ وفاقی حکومت نے ملک میں ماں اور بچے کی بڑھتی ہوئی شرح اموات کو کنٹرول کرنے کیلئے ایم این سی ایچ پروگرام کو 2007ءمیں شروع کیا تھا ماں اور بچے کی شرح اموات کو کم کرنے کیلئے اس پروگرام کی بہت زیادہ افادیت ہے۔ اٹھارہویں ترمیم کے بعد وفاقی حکومت نے30جون 2015ءتک اس پروگرام کی فنڈنگ کی ہے۔ اب وفاقی حکومت کی جانب سے یہ روگرام صوبائی حکومت کو منتقل ہوچکا ہے۔ اب صوبہ پنجاب کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس پروگرام کو اپنے وسائل سے چلائے۔ حکومت نے اس پروگرام کی مدت ختم ہونے کے باوجود اس کو جاری رکھنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا