وزیراعظم ایران اور سعودی عرب کو قریب لانے کیلئے کردار ادا کریں: پیر اعجاز ہاشمی
لاہور (سپیشل رپورٹر) جمعیت علما پاکستا ن کی مجلس شوریٰ نے سعودی عرب کے ایران کے عالمی طاقتوں سے ہونے والے ایٹمی معاہدے پر تحفظات کو غیر ضروری قراردیتے ہوئے وزیراعظم میاں نواز شریف کو تجویز دی ہے کہ دونوں اسلامی ممالک کے درمیان غلط فہمیوں کو دور کرنے اور انہیں قریب لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ جے یو پی کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی کی زیر صدارت منعقد ہونے والے مجلس شوریٰ اور مجلس عاملہ کے مشترکہ اجلاس میں مختلف قراردادوںکی منظور ی دیتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال بھارتی فائرنگ، جاسوس طیارہ پاکستان کی فضائی حدود میں بھجوانے اور کشمیری رہنما افضل گرو کی غیر قانونی پھانسی کے بعد نام نہاد ممبئی دھماکوں کے الزام میںچارٹرڈ اکاونٹنٹ یعقوب میمن کی پھانسی کی مذمت کی گئی۔