بھارتی پولیس نے رشتہ داروں سے ملنے گئے پاکستانی کو جاسوس قرار دے کر پکڑ لیا

03 اگست 2015

نئی دہلی (نیٹ نیوز) رشتہ داروں سے ملنے کیلئے بھارت جانے والے پاکستانی کو جاسوس قرار دے کر گرفتار کرلیا گیا جو گزشتہ 7ماہ سے جیل میں ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملتان کے علاقے شجاع آباد کا رہائشی سعید 9 ماہ پہلے ماں کو اس کے بھائیوں سے ملوانے اترپردیش کے شہر مظفر نگر پہنچا اور شادی کی تقریب میں بھارتی پولیس نے اسے جاسوسی کا الزام لگا کر پکڑ لیا اور جیل میں ڈال دیا۔ 9 بچوں کا باپ سعید گزشتہ سات ماہ سے ہندوستان کی جیل میں قید ہے جبکہ بھارت میں مقیم سعید کے عزیزوں کی جانب سے اس کی رہائی کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ سعید کی بوڑھی ماں بیٹے کے غم میں بینائی کھو چکی۔ سعید کی والدہ نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کے بیٹے کی فوری رہائی کے لیے اقدامات کئے جائیں۔