کراچی: گینگ وار کا کارندہ گرفتار‘ نبیل گبول کے کہنے پر حالات خراب کرنے کا انکشاف ملزم کو نہیں جانتا: سابق ایم این اے

03 اگست 2015
کراچی: گینگ وار کا کارندہ گرفتار‘ نبیل گبول کے کہنے پر حالات خراب کرنے کا انکشاف ملزم کو نہیں جانتا: سابق ایم این اے

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی پولیس نے لیاری گینگ وار غفار ذکری گروپ کے اہم کارندے عامر دھوبی کو گرفتار کرلیا۔ ڈی آئی جی سائوتھ ڈاکٹر جمیل احمد کے مطابق ملزم عامر سابق ایم این اے نبیل گبول سے بھی رابطے میں تھا۔ گرفتار ملزم نے دعویٰ کیا کہ غفار ذکری کو نبیل گبول نے فون کرکے لیاری کے حالات خراب کرنے کو کہا، نبیل گبول نے غفار ذکری کو پیسے اور اسلحہ دینے کا بھی کہا اس معاملے کی مزید تحقیقات کی جائے گی اگر ثبوت سامنے آئے تو نبیل گبول کے خلاف بھی کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم عامر دھوبی ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ ملزم نے شہری کو اغوا کرکے 50 لاکھ روپے تاوان وصول کیا۔ دریں اثناء اپنے ردعمل میں سابق ایم این اے نبیل گبول نے کہا کہ سندھ حکومت کے کہنے پر ڈی آئی جی سائوتھ نے میرے خلاف نیوز کا نفرنس کی۔ سندھ حکومت کرپشن کا بھانڈہ پھوڑنے پر مجھ سے ناراض ہے جس ملزم عامر دھوبی کا بتایا جارہا ہے اس کو میں نہیں جانتا۔ میرے خلاف ثبوت ہیں تو حکومت گرفتار کرکے ثبوت سامنے لائے۔ انہوں نے کہا سندھ حکومت مجھے دبائو میں لانے کیلئے مقدمات بھی درج کررہی ہے۔ ڈی آئی جی کو سیاسی بیانات نہیں دینا چاہئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کے کہنے پر ڈی آئی جی نے الزام لگائے۔