حافظ آباد: مخالفین کی کار پر فائرنگ، زمیندار2 محافظوں سمیت قتل

03 اگست 2015
حافظ آباد: مخالفین کی کار پر فائرنگ، زمیندار2 محافظوں سمیت قتل

حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) قلعہ صاحب سنگھ کے قریب مسلح مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کرکے زمیندار اور اس کے 2 محافظوں کو قتل اور ایک شخص کو زخمی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق نواحی گائوں جہانیاں کا رہائشی قیصر چدھڑ اپنے محافظوں فیصل اور افضال کے ہمراہ کار نمبری CH-1428 میں سوار ہوکر شہر حافظ آباد کی جانب آرہا تھا کہ قلعہ صاحب سنگھ کے قریب ایک کار اور موٹر سائیکل پر سوار اس کے مخالفوں نے فائرنگ کردی جس سے قیصر چدھڑ، فیصل علی، افضال انور ہلاک ہوگئے۔ بعد ازاں حملہ آوروں نے مقتول قیصر چدھڑ کے گائوں جہانیاں پہنچ کر اسکے ڈیرہ پر بھی فائرنگ کردی جس سے وہاں بیٹھے افراد کی دوڑ لگ گئی جبکہ ایک شخص احسان اﷲ شدیدزخمی ہوگیا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مقتول قیصر چدھڑ کی سابقہ بیوی صائمہ نے طلاق لینے کے بعد نواحی گائوں ونگے کے رہائشی عدنان دانی کے ساتھ شادی کرلی تھی اور اسے قریبا چھ ماہ قبل اسوقت دن دیہاڑے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا تھا جب وہ کسوکی روڈ پر ہسپتال سے دوائی لینے جارہی تھی۔ صائمہ کو ہلاک کرنے کے الزام میں مقتول قیصر چدھڑ اور اسکے بھائیوں، ظفر، طارق، عنصر وغیرہ 6 ملزموں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج ہوا تھا۔