دادو اور خیرپور میں مسلح گروپوں کے درمیان تصادم،12 افراد جاں بحق،6 زخمی

03 اگست 2015

دادو +خیرپور (آن لائن+ اے این این) دادو میں رشتے کے تنازعہ پر دو گروپوں میں تصادم میں 8افراد جبکہ خیرپور میں مسلح گروپوں میں لڑائی کے دوران4افراد مارے گئے جبکہ 6زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق دادوکے گائوں حاصل گوٹھ میں چانڈیو برادری کے دوگروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں8 افراد موقع پرہی جاں بحق ہوگئے ۔ واقعہ کے بعد دونوں فریقین نے مورچے سنبھال لئے جس کے بعد علاقہ نو گو ایریا بن گیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ رشتے کے تنازعے کا شاخسانہ ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے چار کی شناخت گلاب چانڈیو، رانو خان، عبدالحمید اور رانجھن کے نام سے ہوئی ہے ۔ دوسری جانب خیرپور کے علاقے ناتھن شاہ میں کچے کے مقام پر دو مسلح گروپوں میں خونیں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 6 شدید زخمی ہو گئے ۔ مسلح تصادم میں دونوں گروپوں کی جانب سے ایک دوسرے پر خود کار اور بھاری اسلحے سے آزادانہ حملے کئے گئے ۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کو لاڑکانہ کے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ جس میں سے بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ واقعہ کے بعد مقامی پولیس نے جائے وقوع پر جانے سے انکار کر دیا جس کے بعد مقامی پولیس کے افسران نے اعلی حکام سے رابطہ کر کے ضلع بھر سے پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی ۔ پولیس حکام کے مطابق ناتھن شاہ میں کچے کے مقام پر جرائم پیشہ افراد کی کثیر تعداد موجودگی کی اطلاعات ہیں جن کے پاس ہر قسم کا جدید اسلحہ موجود ہے ۔

روحانی شادی....

شادی کام ہی روحانی ہے لیکن چھپن چھپائی نے اسے بدنامی بنا دیا ہے۔ مرد جب چاہے ...