سندھ، خیبر پی کے کو کالاباغ ڈیم پر اتفاق رائے کی کوشش کرنی چاہئے: سعد رفیق

03 اگست 2015

لاہور (خبر نگار) وفاقی وزیر ریلوے اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے شدید مشکلات، سازشوں اور رکاوٹوں کے باوجود پاکستان کو محفوظ اور مستحکم بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ نوازشریف نے ہر اہم قومی فیصلہ قومی سیاسی قیادت کی مشاورت سے کرنے کی بنیاد رکھ دی ہے۔ اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا آئے دن آنے والے سیلابوں پر قابو پانے کے لیے بڑے آبی ذخائر کی تعمیر و تکمیل کے سِوا کوئی چارہ نہیں۔ حکومت ڈیموں کی تعمیر کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ کالا باغ ڈیم بننے دیا جاتا تو دریائے سندھ کے دونوں طرف آباد لاکھوں پاکستانی سیلاب کی تباکاریوں سے محفوظ ہوچکے ہوتے۔ سندھ اور خیبر پی کے کی حکمران جماعتوں کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر اتفاقِ رائے کے حصول کی کوشش کرنی چاہیے کیونکہ ان دونوں کو شامل کئے بغیر کالا باغ ڈیم تعمیر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے مزید کہا پاکستان ریلویز پر عوام کا اعتماد تیزی سے بحال ہورہا ہے، بہت سی ریل گاڑیوں میں کئی کئی روز کی ایڈوانس بکنگ ہورہی ہے۔