لاہور: افغان بستیوں میں سرچ آپریشن، 53 مشتبہ افراد گرفتار
لاہور (نامہ نگار) پولیس نے دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر شہر کے مختلف علاقوں میں قائم افغان بستیوں میں سرچ آپریشن کرکے53 زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حسا س اداروں کی جانب سے شہر میں دہشت گردی کے خدشات کی اطلاعات کے پیش نظر سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے پولیس کو افغان بستیوں میں سرچ آپریشن کرنے کی ہدایت کی جس پر پولیس نے شاہدرہ ، شفیق آباد ، بند روڈ ، اسلام پورہ ، ساندہ ، شیرا کوٹ، برکی، واہگہ بارڈر، ہڈیارہ، فیکٹری ایریا ، مناواں، نولکھا ، راوی روڈ ، نشتر کالونی، گرین ٹائون، نواب ٹائون اور ہنجروال کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا اور گرفتار 53 مشتبہ افراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا پولیس ذرائع کے مطابق ان میں کئی افغانی غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔ لاہور پولیس اور حساس اداروں نے ٹھوکر نیاز بیگ میں رات گئے ایک مدرسے پر چھاپہ مار کر علاقہ غیر سے تعلق رکھنے والے 13 افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق زیر حراست افراد سے تفتیش جاری ہے۔