رینٹل پاور پراجیکٹ ختم نہیں ہوئے حکومت ’’آئی پی پیز‘‘ کے نئے نام سے بنا رہی ہے: پرویز اشرف
لاہور(آئی این پی) پیپلزپارٹی کے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ رینٹل پاور پر اجیکٹ ختم نہیں ہوئے مسلم لیگ (ن) حکو مت ’’آئی پی پیز ‘‘کے نئے نام سے بنا رہی ہے‘ حکو مت ہمارے خلاف کرپشن کے کیسز پر جوڈیشل کمیشن بنا لیں ہم اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔ اپنے ایک انٹرویو میںسابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا میرے خلاف پاکستان کی کسی عدالت میں کرپشن کیس کا کوئی فیصلہ آیا اور نہ ہی میں نے کوئی کر پشن کی ہے۔ میں نے 2012 میں بھی اس وقت کے چیف جسٹس آف پاکستان کو ایک خط کے ذریعے کر پشن کے کیسز کی آزادانہ انکوائری کر وانے کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست کی جس پر سپر یم کورٹ نے میرے خط کو توہین عدالت قرار دیتے کہا اگر آپ خط واپس نہیں لیں گے تو آپ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔ پیپلزپارٹی کی قیادت پر کرپشن کے جھوٹے الزامات لگانا فیشن بن چکا ہے اور میں خداکو حاضر ناظر بنا کر کہتا ہوں میں نے آج تک ایک روپے کی بھی کر پشن نہیں کی اور حکو مت سے مطالبہ ہے وہ ہمارے خلاف کر پشن کے کیسز کی آزادنہ انکوائری کیلئے جوڈیشل کمیشن بنائے ہم اپنی بے گناہی ثابت کر نے کیلئے تیار ہیں۔