سیریز میں پاکستان کرکٹ ، ٹیم کی عمدہ کارکردگی

03 اگست 2015

پاکستان نے سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ ون ڈے کے بعد ٹی 20 سیریز بھی جیت لی۔ کرکٹ ٹیم عالمی رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر آگئی، صدر اور وزیراعظم کی طرف سے ٹیم کو مبارکباد۔
سری لنکا کے ہوم گرائونڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے کامیابیوں کی جو نئی داستان رقم کی ہے اس پر مسلسل ناکامیوں سے دلبرداشتہ کرکٹ شائقین نے سکھ کا سانس لیا ہے اور پاکستان کرکٹ ٹیم بھی اب کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کی ٹیم جو پہلے پانچویں پوزیشن پر تھی ترقی کر کے تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔ جو ایک خوش کن خبر ہے۔ اس کامیابی سے نئے اور پرانے کھلاڑیوں کے حوصلے بھی بلند ہوں گے۔ جو اس میدان میں قدم جما رہے ہیں۔ اب وہ مزید کامیابیوں کے لئے بہتر کارکردگی دکھانے کے لئے کرکٹ شائقین کی امنگوں پہ پورا اترنے کے لئے مزید محنت کریں گے۔ اس کامیابی کے سفر کو برقرار رکھنے کے لئے کرکٹ سمیت تمام کھیلوں سے سیاست اور دھڑے بندی کو ختم کرنا ہوگا۔ کرکٹ ٹیم کے لئے اصل چیلنج چمپیئن ٹرافی ہے۔ اس کے لئے کھلاڑیوں کو ابھی سے تیاری شروع کر دینی چاہئیے۔کھلاڑیوں اور آفیشلز کے درمیان بہتر تعلقات کو فروغ دینا ہوگا۔ سری لنکا جو اس وقت کرکٹ میں عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے، کو اس کے ہوم گرائونڈ میں شکست دینے پر پوری قوم اپنی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کرتی ہے۔