لندن میں متحدہ کیخلاف مظاہرے مناسب نہیں، دھرنے سے متعلق جتنا مجھے پتہ ہے، کتاب لکھ سکتا ہوں: وزیر داخلہ
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے تحریک انصاف سے درخواست کی ہے کہ لندن میں ایم کیو ایم کے خلاف مظاہرے مناسب نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں چودھری نثار نے بتایا کہ گزشتہ دنوں شاہ محمود قریشی سے کہا کہ پی ٹی آئی کے لندن میں ایم کیو ایم کیخلاف مظاہرے مناسب نہیں، سیاسی جنگ کو لندن کے بازاروں میں لے جانے سے ملک کی بدنامی ہوگی، میری رائے سے پی ٹی آئی کے دیگر رہنماﺅں نے بھی اتفاق کیا۔ شاہ محمود قریشی نے میری اس تجویز پر مثبت جواب دیا جس پر انکا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا دھرنے کے بارے میں جتنا میں جانتا ہوں چاہوں تو کتاب لکھ سکتا ہوں۔ وزیر داخلہ نے اپنی پریس کانفرنس کے آغاز میں کہا کہ آج خوبصورت موسم سے بارش ہورہی ہے۔ چھٹی کا دن ہے مگر میں صحافیوں کو پریس کانفرنس کیلئے بلالیا جبکہ آپ لوگوں کا تو آج سیر کا موڈ ہوگا۔