ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے مصر سمیت پورا مشرق وسطیٰ محفوظ ہوگیا: کیری
قاہرہ (رائٹرز + اے پی پی) امریکی وزیر خارجہ نے مصری ہم منصب سے ملاقات میں کہا ایرانی جوہری ڈیل سے مصر سمیت مشرق وسطیٰ کا پورا خطہ محفوظ ہو گیا ہے۔ وزیر خارجہ سمیع شکری سے سٹرٹیجک مذاکرات کے دوران اور مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا آئندہ پارلیمانی الیکشن شفاف ہونے چاہئیں۔ اگر معاہدہ اس کے نکات کے تحت نافذ کیا جائے تو خطے کو کوئی خطرہ نہیں پہلے سے زیادہ محفوظ ہو جائے گا۔ دونوں نے تسلیم کیا علاقے میں ایران گڑبڑ میں ملوث ہے۔ لیبیا کی سرحد پر تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 2009ء کے بعد پہلے سٹرٹیجک مذاکرات ہیں۔ کیری نے کہا انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش کے باوجود تعلقات ’’مضبوط بنیاد‘‘ پر قائم ہیں۔ شام‘ عراق‘ لیبیا کے بحران پر تبادلہ خیال‘ داعش نے لیبیا میں بدامنی پھیلائی ہے۔ کیری نے قاہرہ میں السیسی سمیت اعلیٰ قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں۔ ان سکیورٹی مذاکرات میں کیری اور مصری رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی وزیر خارجہ قطر بھی جائیں گے جہاں خلیجی تعاون کونسل کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں وہ ایران کے ساتھ جوہری ڈیل پر ان رہنماؤں کا اعتماد حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ شکری نے کہا کوئی صحافی جیل میں نہیں ہے۔ سکیورٹی تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔