سعودی عرب‘ کویت کی انتہا پسند یہودیوں کے ہاتھوں فلسطینی بچے کے قتل کی مذمت

03 اگست 2015

کویت سٹی (نمائندہ خصوصی) سعودی عرب اور کویت نے فلسطین میں انتہا پسند یہودیوں کے ہاتھوں ایک مکان کو نذرآتش کرتے ہوئے ڈیڑھ سالہ بچے کو زندہ جلانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کو براہ راست ننھے بچے کا قاتل قرار دیا۔ کویت کے وزیرخارجہ شیخ خالد الصباح اور سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر نے کہاکہ فلسطینی بچے کو زندہ جلاکر قتل کرنا ایک وحشیانہ، مجرمانہ، انسانی اخلاق وقانون سے گری ہوئی حرکت ہے اور صہیونی ریاست اس کی براہ راست ذمہ دار ہے۔ وزراء خارجہ نے عالمی برادری سے فلسطینی بچے کے بہیمانہ قتل کی کی تحقیقات کرانے اور فلسطینیوں کو یہودی دہشت گردوں کے حملوں سے بچانے کے لئے موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔